بھٹکل:3؍ستمبر (ایس اؤ نیوز)مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کے فضلات کی نکاسی کی ذمہ داری کو بہتر انداز میں انجام دینےو الے مخدوم کالونی کے شاہین اسپورٹس سنٹر اور پی ایس آئی کی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے بھٹکل کے مشاہد احمد شیخ کی تہنیت اور عزت افزائی کا پروگرا م2ستمبر بروز پیر کو تنظیم ہال میں منعقد ہوا۔
تہنیت قبول کرنےکے بعد مشاہداحمد نے اللہ تعالیٰ کا صدہا شکر بجالانے کے بعدایک انگریزی مقولے سے اپنی بات کا آغاز کرتےہوئے کہاکہ برائی کی جیت کے لئے اتنا کافی ہے کہ نیک لوگ خاموش رہیں کچھ نہ کریں۔ انہوں نے عوام کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ نیک اور اچھے لوگوں کی خاموشی سے سماج میں برائی پنپتی ہے اس کے لئے اچھے لوگوں کو آگے بڑھ کر کا م کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نےکہاکہ ہم مرنے سے پہلے عوام کے لئے کچھ بہتر کرکے جائیں۔ ساحلی پٹی کے شہری بہت کم سرکاری عہدوں کی طرف توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کہیں پر بھی کیچڑ بھرا ہواہے تو ہمیں صفائی کے لئے اُس کے اندر جانا ضروری ہوتا ہے،ہمارے نوجوانوں کو وقت کے تقاضوں کے تحت متعلقہ میدانوں میں محنت کرکے اس میں اپنی نمائندگی درج کرنی چاہئے۔
صدر تنظیم ایس ایم سید پرویز نے صدارتی خطاب میں کہاکہ ہر کام قربانی چاہتا ہے ،بالکل اسی طرح شاہین اسپورٹس سنٹر نے عید کی خوشیوں کو قربان کرکے بہتر نظم و نسق کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھائی جس کے لئے وہ مبارکبادی کے مستحق ہیں اور ہم ان کا شکریہ اداکرتےہیں۔انہوں نے کہاکہ مشاہد احمدکی کاوشوں سے قوم کے نوجوانوں کےلئے ترغیب ملے گی۔ ان کی طرح ہمارے نوجوان الگ الگ میدانوں میں آگے بڑھیں۔موجودہ دورمیں تعلیم ہی سب کچھ ہے، تعلیم کے ذریعے سےہی لوگ ہماری پہچان بنتی ہے، تعلیم سےہی اعلیٰ سےاعلیٰ عہدے ہمارے پاس آئیں گے۔
تنظیم کے نائب صدر عتیق الرحمن منیری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شاہین اسپورٹس سنٹر نے ایک مثالی کام کیا ہے۔ ان کی بڑی خوبی اور خصوصیت یہ ہے کہ یہ ذمہ داری خود انہو ں نے تنظیم پہنچ کر اس کو نہ صرف قبول کیا بلکہ ہمارے تصور سے زیادہ بہتر انداز میں کام کو انجام دیا ہے۔ اسی طرح پی ایس آئی کے عہدے پر فائز ہونےو الے قوم نوائط کے سپوت مشاہد احمد فخر قوم ہیں، مشاہد احمد کی کامیابی صرف ایک ابتداء ہے ان شاء اللہ آئندہ نسلوں کے لئے یہ مشعل راہ ہونگے ۔ اور ہمیں اللہ سے امید ہے کہ مشاہد احمد نہ صرف اپنے محکمہ میں چمکیں گے بلکہ اپنے حدود میں رہتے ہوئے ملک کی، قوم کی بہتر سے بہتر خدمات انجام دیں گے۔ شاہین اسپورٹس سنٹر کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم کا ساتھ ہوتو کسی بھی بڑی اور نازک ذمہ دار ی کو بحسن و خوبی انجام دیاجاسکتاہے ۔تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ،ناظم جامعہ ماسٹر شفیع شاہ بندری ، دبئی کے جیلانی محتشم وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا۔ڈائس پر تنظیم نائب صدر جعفر محتشم، ہاشم برنی ، عنایت اللہ شاہ بندری، محمد صادق مٹا، شاہین اسپورٹس سنٹر کے صدر سمیع اللہ اٹل وغیرہ موجود تھے۔
جلسہ کا آغاز مولوی ارشاد آفریقہ ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ جیلانی شاہ بندری نے نظامت کے فرائض انجام دئیے، محمد یونس رکن الدین نے شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر کئی عہدیداران ، ممبران سمیت عوام جلسہ میں شریک تھے۔